وفاقی حکومت نے بیوروکریسی میں اہم تقرر و تبادلوں، ڈیپوٹیشن کی مدت میں توسیع اور معطلی ختم کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے گریڈ 22 کے افسر اور سیکریٹری صنعت و پیداوار ڈویژن کیپٹن (ر) سیف انجم کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس میں تعینات جوائنٹ سیکریٹری (پبلک) سمیرا شیخ کی ڈیپوٹیشن کی مدت میں دو سال کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کا اطلاق 2 اکتوبر 2026 سے یکم اکتوبر 2028 تک ہوگا۔
دیگر تبدیلیوں کے تحت تعیناتی کے منتظر محمد رمضان کو ڈپٹی سیکریٹری وزارت دفاع مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزارت دفاع کے ڈپٹی سیکریٹری اسرار احمد کو منتقل کر کے وزارت موسمیاتی تبدیلی میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکشن افسر جمال حیدر کی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب میں تعینات گریڈ 19 کے افسر ندیم اصغر کو ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) لگایا گیا ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 18 کے افسر زین العابدین میرانی کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی سمجھے یا نہ سمجھے لیکن مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور کیا جائے گا،سینئر صحافی حامد
آبی وسائل ڈویژن کے سیکشن افسر اسد علی کا تبادلہ دفاع ڈویژن کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس سروس آف پاکستان (PSP) کی گریڈ 17 کی معطل اے ایس پی سارہ علی ہاشمی کو عہدے پر بحال کر دیا گیا ہے۔





