پشاور: 27 ستمبر کے احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر خیبر پختونخوا پولیس نے سرکاری اسلحہ، آنسو گیس شیلز اور دیگر پولیس سامان کے استعمال سے متعلق اہلکاروں اور عوامی نمائندوں کے لیے سخت ہدایات جاری کردی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کو اسلام آباد جانے والے عوامی نمائندوں کے ہمراہ کوئی بھی سرکاری اہلکار مسلح ہوکر نہیں جائے گا، جبکہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ تعینات گنرز کو بھی سرکاری اسلحہ ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس کی جانب سے جاری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری آنسو گیس شیلز اور دیگر پولیس ساز و سامان بھی کسی اہلکار یا عوامی نمائندے کو فراہم نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عوامی نمائندوں کے ہمراہ جانے والے پولیس اہلکاروں کو بھی سرکاری حیثیت میں اسلحہ لے جانے سے روک دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشنز کا فیصلہ
پولیس حکام نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کو سرکاری اہلکاروں کے سرکاری حیثیت میں اسلام آباد جانے کی صورت میں بھی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اعلیٰ سرکاری حکام پہلے ہی سرکاری ملازمین کو احتجاج میں شرکت اور سرکاری وسائل کے استعمال سے روکنے کی ہدایات جاری کرچکے ہیں۔





