اسلام آباد: جولٹا الیکٹرک نے پاکستان کی آٹوموبائل مارکیٹ میں نئی الیکٹرک موٹر سائیکل JE-125L متعارف کرا دی ہے، جس کی قیمت 3 لاکھ 29 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی الیکٹرک بائیک روایتی 125 سی سی موٹر سائیکل کے ڈیزائن کو جدید الیکٹرک ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کرتی ہے۔
JE-125L میں 2 ہزار واٹ کی الیکٹرک موٹر نصب کی گئی ہے، جبکہ موٹر سائیکل میں 60 وولٹ اور 50 ایمپیئر آور کی LiFePO4 بیٹری فراہم کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے پر موٹر سائیکل 100 سے 120 کلومیٹر تک سفر کرسکتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
نئی الیکٹرک موٹر سائیکل کے اگلے اور پچھلے دونوں پہیوں میں ڈسک بریکس کے ساتھ الائے رم دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بائیک میں NFC، کروز کنٹرول، ریورس گیئر اور کی لیس آپریشن جیسے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم، ماہانہ قسط 3 ہزار 28 روپے مقرر
کمپنی کے مطابق JE-125L کو اسکوٹر کے بجائے روایتی موٹر سائیکل کے ڈیزائن میں تیار کیا گیا ہے تاکہ 125 سی سی موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد کے لیے اس کی سواری، توازن اور نشست کا انداز مانوس رہے۔
جولٹا الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیا ماڈل پاکستانی صارفین کو روایتی موٹر سائیکل کے ڈیزائن کے ساتھ الیکٹرک ٹیکنالوجی پر مبنی متبادل فراہم کرتا ہے۔





