عطا تارڑ کا پشاور میں کارکنوں سے خطاب، خیبر پختونخوا سے تعلق برقرار رکھنے کا اعلان

پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا محمد تارڑ نے پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کا دورہ کرکے انہیں خوشی ہوئی، یہ غیور اور بہادر لوگوں کی سرزمین ہے اور وہ آئندہ بھی صوبے کے دورے کرتے رہیں گے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا اور پنجاب میں موٹرویز کے ساتھ خیبر پختونخوا میں بھی موٹروے کی بنیاد رکھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سے ان کا تعلق برقرار رہے گا اور وہ مستقبل میں بھی صوبے کے دورے کرتے رہیں گے۔

کارکنوں سے خطاب کے دوران عطا تارڑ نے کہا، میں کہتا تھا دن بدل جائیں گے اور آپ کی دوڑیں لگیں گی، ایسا دوڑیں گے کہ رکنے کو نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت نے بھی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں، تاہم سر ہمیشہ بلند رکھا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: خیبر پختونخوا کو بربادی اور اسلام آباد کو انتشار سے بچائیں گے،وزیر اطلاعات عطا تارڑ

عطا تارڑ نے مزید کہا، یہ پتہ نہیں کیسے لوگ ہیں، یہ روتے پہلے ہیں، بات بعد میں کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے خطاب میں کہا کہ وقت دوبارہ واپس نہیں آئے گا، اس لیے انسان کو اپنے حصے کا کام کرتے رہنا چاہیے، جو ہوگا دیکھا جائے گا۔

انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، اس راہ میں راز بہت ہیں، کچھ اور یہاں ہو سکتا ہے اور اکثر کچھ اور ہوتا ہے، لیکن انسان جس لمحے میں زندہ ہے، وہ لمحہ اسی سے زندہ ہے۔

خطاب کے اختتام پر عطا محمد تارڑ نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا۔

Scroll to Top