بلوچستان کے دو علاقوں میں کارروائیاں، 19 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار شہید

بلوچستان کے دو علاقوں میں کارروائیاں، 19 دہشتگرد ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار شہید

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ’’فتنہ الخوارج‘‘ اور’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے وابستہ متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔

مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے شعبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا، کارروائی کے دوران فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پیشگی کارروائیاں کیں۔

کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل بھی شہید ہوگئے، شہید صوبیدار محمد جمیل ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف کے رہائشی تھے۔

 یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ ناکام، 103 افغان باشندے گرفتار

آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

Scroll to Top