80 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ: فریش گریجویٹس کے لیے حکومت کا بڑا اعلان

وزارت توانائی کے ماتحت کام کرنے والے سرکاری ادارے پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ایم ڈی سی) نے حال ہی میں گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوان پیشہ ور افراد کی عملی تربیت اور صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک سالہ منیجمنٹ ٹرینی پروگرام متعارف کرایا ہے۔

اس پروگرام کے تحت سیلز اینڈ مارکیٹنگ اور لیگل (قانونی امور) کے شعبوں میں منتخب امیدواروں کو ایک سال کی تربیتی مدت کے دوران 80,000 روپے ماہانہ یکمشت وظیفہ دیا جائے گا۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ انتخاب مکمل طور پر معاہدے کی بنیاد پر ہوگا جس سے ٹرینی اور ادارے کے درمیان ملازم و آجر کا تعلق قائم نہیں ہوگا اور نہ ہی تربیت کے بعد پی ایم ڈی سی پر مستقل ملازمت دینے کی کوئی قانوناً ذمہ داری عائد ہوگی۔

اس پروگرام میں درخواست دینے کے لیے امیدواروں کا پاکستانی شہری ہونا ضروری ہے جبکہ انہوں نے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ ادارے سے متعلقہ شعبے میں کم از کم 16 سالہ تعلیم یعنی بیچلر یا ماسٹر ڈگری 3.0 سی جی پی اے کے ساتھ سیشن 2025-26 کے دوران مکمل کی ہو۔ تعلیمی اسناد کے ساتھ یا بغیر کسی سابقہ تجربے کے 28 سال تک کی عمر کے امیدوار اس کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔

امیدواروں کا انتخاب تعلیمی نمبروں کے 30 فیصد، تحریری ٹیسٹ کے 40 فیصد اور انٹرویو کے 30 فیصد تناسب پر مبنی میرٹ پالیسی کے تحت کیا جائے گا اور صرف شارٹ لسٹ کیے گئے افراد کو ٹیسٹ و انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا جنہیں کوئی ٹی اے ڈی اے ادا نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : یہ صرف میڈیا پر بڑھکیں مارتے ہیں، 4 اکتوبر کو بھی مارچ نہیں کر سکتے، گورنر فیصل کریم کنڈی

خواہشمند امیدوار 13 اکتوبر 2026 تک پی ایم ڈی سی کے آفیشل کیریئرز پورٹل پر آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں جب کہ مقررہ تاریخ کے بعد یا نامکمل موصول ہونے والی درخواستوں کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top