نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی عالمی کردار، کشمیر، موسمیاتی مالیات اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کثیرالجہتی نظام کو تقویت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کی آواز بلند کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا اور پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا کہ عالمی گورننس مزید مؤثر ہو۔
شہباز شریف نے حکومت کی سیلاب زدگان کی مدد کی کوششوں میں سیکرٹری جنرل کی تعریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مالیات کو فعال کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے خطے کے اہم مسائل، خصوصاً جموں و کشمیر تنازع، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی، اور بیرونی دہشت گردی کے اندرونی اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے مفاہمت اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جلسوں سے کوئی فائدہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں ملے گا، گورنر خیبر پختونخوا
وزیراعظم نے غزہ کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
سیکرٹری جنرل نے پاکستان کی سلامتی کونسل میں اہم کردار اور اقوام متحدہ میں اس کی مضبوط آواز کو سراہا، اور عالمی امن و ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔





