اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جہلم، ملتان اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں، میں بھی شام اور رات کے اوقات میں بارش ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے وقت موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم شام اور رات کے دوران چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر، حافظ نعیم الرحمان نے بڑا اعلان کردیا
دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بارش اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔





