پشاور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم کے حق کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 50 لاکھ، پنجاب میں ایک کروڑ 18 لاکھ سے زائد جبکہ سندھ میں 70 لاکھ سے زیادہ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام بجلی کے بھاری بلوں اور پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق پیٹرول کے ہر لیٹر پر 135 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف جماعت اسلامی نے پیٹرول لیوی کے خلاف تحریک شروع کردی ہے، جبکہ اب تعلیم کے حق کے لیے بھی ملک گیر جدوجہد کی جائے گی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت بھاری ٹیکسز وصول کرتی ہے، اس لیے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج عالمی یومِ ذہنی صحت منایا جا رہا ہے
انہوں نے کہا کہ ملک میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں تاکہ کوئی بھی بچہ مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے وقت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنو قابل پروگرام شروع کیا ہے، جس کے ذریعے ملک بھر، بالخصوص خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان کے دعوے کے مطابق پروگرام کے تحت 17 لاکھ سے زائد بچے اور نوجوان 100 فیصد وظائف پر تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اسی مقصد کے تحت مزید پروگرام بھی شروع کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ وہاں 80 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، جبکہ غزہ کے لیے 10 ارب روپے سے زائد کے فنڈز پہنچائے جاچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی لانگ مارچ کو بڑا دھچکا، کارکنوں نے منہ موڑ لیا، قیادت سر پکڑ کر بیٹھ گئی
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی طلبہ کو طب سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم فراہم کرنے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ متاثرہ نوجوانوں کو تعلیمی مواقع میسر آسکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ انہیں سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہوں نے پورا پاکستان فتح کرلیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، نوجوانوں کی تربیت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بیانات کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عوامی سطح پر جدوجہد کرے گی اور تعلیم کے حق کی تحریک میں عوام کو بھی شریک کیا جائے گا۔





