پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت خاک میں مل گئی، سیکیورٹی فورسز کے منہ توڑ جواب سے 14 طالبان ہلاک، 4 چوکیاں تباہ

پاک افغان سرحد پرضلع کرم کےخرلاچی سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے انتہائی موثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کے منہ توڑ جواب کے نتیجے میں 14 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور ان کی 4 سرحدی چوکیاں تباہ ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کے بعد پاکستانی جوانوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے سرحد پار دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

 اپر کرم کے طیدہ سیکٹر میں افغان طالبان کی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے ان کی ایک چوکی اور بیس کیمپ کو کامیابی سے نشانہ بنایا جبکہ اس سیکٹر میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ وقتاً فوقتاً جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خرلاچی سمیت پاک افغان سرحد کے دیگر مختلف حصوں میں بھی پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں ہیں۔

مؤثر پاکستانی کارروائی کی تاب نہ لاتے ہوئے افغان طالبان اپنے ہلاک ہونے والے ساتھیوں کی لاشیں میدانِ جنگ میں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

 حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج ملکی سرحدوں کے دفاع، سا سالمیت اور کسی بھی ناگہانی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور مکمل طور پر تیار ہیں۔ سرحد پر تازہ ترین کشیدگی اور جھڑپوں کے پیش نظر صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Scroll to Top