ورلڈ کپ کے لیے ابھی تک تو میں ہی کپتان ہوں، شاہین آفریدی

ورلڈکپ سے پہلے شاہین آفریدی کا بڑا دعویٰ، بابراعظم کے بارے میں کیا کہہ دیا؟

قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ سہ ملکی سیریز پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ٹیم کا اصل ہدف ورلڈکپ جیتنا ہے اور میگا ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے اور وکٹیں تیار کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ گزشتہ چار ون ڈے سیریز کے دوران ٹیم کو بہتر انداز میں تشکیل دینے کی کوشش کی گئی۔ ٹیم میں ہم آہنگی موجود ہے اور تمام کھلاڑیوں کی توجہ ورلڈکپ جیتنے پر مرکوز ہے۔

قومی کپتان نے سلمان علی آغا کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے کرکٹر ہیں اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنا کر آ رہے ہیں۔ سلمان علی آغا اپنے کردار اور ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس بار بھی اچھی پرفارمنس دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

بابراعظم کے حوالے سے شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔ بابراعظم ہمیشہ پاکستان کے لیے رنز بناتے رہے ہیں اور ٹیم کے لیے ان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ہے، کیونکہ انہیں کپتانی کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور دیگر کھلاڑی بھی ان سے سیکھتے ہیں۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں اچھا بیٹنگ آرڈر موجود ہے اور حالات کے مطابق کھیلنے کی صلاحیت بھی ہے۔ ٹیم 350 سے 400 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے، تاہم میدان میں حکمت عملی کا تعین کنڈیشنز اور میچ کی صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ٹیم کی اولین ترجیح میچز جیتنا اور پاکستانی شائقین کو خوشیاں دینا ہے۔

نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے حوالے سے قومی کپتان نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو مرحلہ وار ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے تاکہ انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں صائم ایوب کی بولنگ کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو اس فارمیٹ میں ان کی بولنگ کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top