برآمدی گندم کی قیمت کتنی ہوگی؟ وفاقی وزیر نے بری خبر سنادی

خیبر پختونخوا میں گندم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

پشاور ہائی کورٹ کے واضح فیصلے اور صوبائی حکومت کی ہدایات کے بعد خیبر پختونخوا کے محکمہ خوراک نے گندم کی یومیہ فراہمی کا کوٹہ تین ہزار سے بڑھا کر چار ہزار میٹرک ٹن کر دیا ہے۔ 

یہ اضافی ایک ہزار میٹرک ٹن گندم ازاخیل میں قائم نیشنل ریزرو سینٹر کے گوداموں سے فعال فلور ملز کو فراہم کی جائے گی تاکہ ذخیرہ شدہ گندم کا بروقت استعمال یقینی بنایا جا سکے اور مزید نقصانات کو روکا جا سکے۔ 

محکمہ خوراک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کا یہ اضافی کوٹہ صوبے کی چار کروڑ اڑتیس لاکھ چالیس ہزار آبادی کے تناسب سے تمام اضلاع میں تقسیم کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر فوڈ نے نظر ثانی شدہ کوٹے پر عمل درآمد کے لیے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز اور راشننگ کنٹرولرز کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس نئے انتظام کے تحت پشاور کو روزانہ ایک سو سولہ میٹرک ٹن اضافی گندم ملے گی، اس کے بعد مردان کو سڑسٹھ ٹن، صوابی کو چھیالیس ٹن، چارسدہ کو پینتالیس ٹن، نوشہرہ کو تیرہتالیس ٹن اور لوئر دیر کو چالیس ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔

 دیگر اضلاع کے لیے مختص کردہ مقدار میں لوئر سوات کے لیے انتالیس ٹن، ایبٹ آباد کے لیے پینتیس ٹن، مانسہرہ کے لیے چونتالیس ٹن، ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے پینتالیس ٹن، بنوں کے لیے تینتیس ٹن، باجوڑ کے لیے بتیس ٹن اور کوہاٹ کے لیے تیس ٹن شامل ہیں جبکہ باقی ماندہ کوٹہ دیگر اضلاع کے درمیان ان کے حصے کے مطابق تقسیم کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top