سہ فریقی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار فتح کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ کی بنیاد پر پاکستان اور سری لنکا دونوں ٹیموں پرجرمانہ عائد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا دس فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
میچ کے دوران پاکستانی ٹیم مقررہ وقت سے دو اوورز پیچھے رہی جبکہ سری لنکن ٹیم ایک اوور مکمل کرنے میں ناکام رہی۔
قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے میچ ریفری کے سامنے سلو اوور ریٹ کی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا کو قبول کر لیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے اس سنسنی خیز افتتاحی مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلمان علی آغا کی شاندار سنچری کی بدولت 49.5 اوورز میں 305 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں مسلم لیگ ن کا مقامی رہنما نشانہ بن گئے
جواب میں 306 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان نے 37 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز کا فاتحانہ آغاز کیا۔





