محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا جبکہ بالائی و شمالی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی لہر برقرار رہے گی۔
اس کے علاوہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض پہاڑی و بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم چترال، سوات، دیر، کرم اور ان کے گردونواح میں چند مقامات پر بادل گرجنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے تمام اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور مضافاتی علاقوں میں دوپہر کے بعد بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اس کے برعکس سندھ کے بیشتر علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور شدید خشک رہے گا جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مٹھی، شہید بینظیر آباد اور چھور میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کراچی، ٹھٹھہ، میرپور خاص اور حیدرآباد میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بعد از دوپہر جنوب مغربی ضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے کے امکانات ہیں۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر میدانوں میں موسم خشک اور بالائی خطوں میں راتیں سرد رہیں۔





