ضلع مہمند میں ضلعی انتظامیہ اور مقامی تاجر برادری کے درمیان مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہونے کے بعد تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خلاف متوقع آپریشن کو تین روز کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔
مذاکرات کے دوران بازاروں سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے اور عوام کی آمدورفت کے لیے مختص فٹ پاتھوں کو مکمل طور پر واگزار کرانے پر فریقین کا باہمی اتفاق رائے ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند کے مرکزی تجارتی حب میاں منڈی بازار اور ضلعی ہیڈکوارٹر غلنئی بازار کو تجاوزات سے پاک کرنے کی خاطر دکانداروں اور تاجر تنظیموں کے صدور کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر سکندر افضال اور تحصیلدار سیار احمد نے تفصیلی مذاکرات کا انعقاد کیا۔
گفتگو کے دوران تاجر رہنماؤں اور مقامی عمائدین نے انتظامیہ کو پختہ یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت بازاروں میں قائم تمام تجاوزات کا ازخود خاتمہ کریں گے اور شہریوں کی آسان پیدل آمدورفت کے لیے مختص فٹ پاتھوں سے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا کر انہیں قابلِ استعمال بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر ڈے واک :اسلام آبادپولیس کا متبادل روٹ پلان جاری!
ضلعی انتظامیہ کے حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد عام شہریوں اور خریداری کے لیے آنے والے افراد کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا، فٹ پاتھوں کا بنیادی حق بحال کرنا اور مرکزی بازاروں کے اندر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تاجر برادری کی جانب سے دی گئی تین روز کی مہلت کے دوران تعاون کو انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے، جس کے بعد کی صورت حال پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔





