اسلام آباد پولیس میں نئی بھرتیوں کے عمل کا باضابطہ اور دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت فیز ون میں شامل امیدواروں کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے جہاں سینئر پولیس افسران پر مشتمل پینلز شفاف بنیادوں پر امیدواروں کی جانچ پڑتال میں مصروف ہیں۔
آئی جی اسلام آباد محمد سہیل چوہدری نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ آنے والے چند ہی دنوں کے دوران پولیس ڈیپارٹمنٹ میں 6 ہزار نئی آسامیوں پر شفاف بھرتیوں کا دائرہ کار شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان بھرتیوں میں مختلف پوسٹس اور رینکس شامل ہوں گے جبکہ یہ موقع محض دارالحکومت تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ملک کے چاروں صوبوں کے اہل اور خواہشمند نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کی خاطر پورا نظام کمپیوٹرائزڈ اور منظم رکھا گیا ہے تاکہ ہر مرحلے پر حقدار امیدوار کو موقع ملے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا طیب قریشی کا محمود الحق حقانی کی تعزیت کیلئے حقانیہ کا دورہ
اسلام آباد پولیس نے ملک بھر سے فورس میں شمولیت کے خواہش مند خواتین اور حضرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھرتی کے آئندہ مراحل، اہلیت کے معیار اور درخواست جمع کرانے کے طریقے سے متعلق لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے سرکاری سوشل میڈیا ہینڈلز اور پورٹل سے وابستہ رہیں۔





