تھرپارکر کے دور افتاد علاقے نگرپارکر میں موت نے ایک ایسے وقت میں دستک دی جب اس کی کسی کو توقع ہی نہیں تھی۔
بنیادی صحت مرکز کے احاطے میں کھڑی ایک ایمبولینس کے اندر ہونے والے ہولناک دھماکے نے نہ صرف پوری بستی کو دہلا کر رکھ دیا بلکہ طبی مراکز کے اندر موجود حفاظتی انتظامات کے پول بھی کھول دیے۔
حادثے کے نتیجے میں 7 قیمتی جانیں لمحہ بھر میں اجڑ گئیں جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہو کر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک سانحہ ڈانو دھاندل کے مقام پر پیش آیا جہاں پی پی ایچ آئی کی ایمبولینس میں آکسیجن کا نیا سلنڈر تبدیل کیا جا رہا تھا۔
تاحال یہ معمہ بنا ہوا ہے کہ سلنڈر کی تبدیلی کے اس معمول کے عمل کے دوران اچانک ایسا کیا ہوا کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے گولے نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ایک زوردار دھماکے نے ہر طرف کہرام مچا دیا۔
دھماکے کی آواز اتنی خوفناک تھی کہ دور دور تک لوگ سہم گئے، اور لمحوں میں جائے وقوعہ پر چیخ پکار مچ گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آئیں اور تمام لاشوں و زخمیوں کو انتہائی تشویشناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال مٹھی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز زخمیوں کی زندگی بچانے کے لیے نبردآزما ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کے پی حکومت کاباب بند : دیگر امور پر بات ہو سکتی ہے،عطاتارڑ کا پی ٹی آئی کو پیشکش!
اس ہولناک سانحے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے اور سب سے بڑا سوال یہ اٹھ کھڑا ہوا ہے کہ آخر انسانی جانوں کی حفاظت کے ذمہ دار طبی مراکز میں اتنی بڑی غفلت کیسے برتی جا رہی ہے؟
کیا معمولی لاپرواہی اب جانوں کا نذرانہ لے گی؟
اس دل دہلا دینے والے واقعے نے اسپتالوں اور ایمبولینسز میں آکسیجن سلنڈر ہینڈلنگ کے تمام دعووں کا پردہ چاک کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔





