دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس سائبر حملے کی زد میں آگئی جہاں ہیکرز کی جانب سے مبینہ طور پر 5 ارب 70 کروڑ ڈالر مالیت کی ڈیجیٹل کرنسی منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بڑے سائبر حملے کی خبر سامنے آتے ہی عالمی کرپٹو مارکیٹ میں کھلبلی مچ گئی اور بٹ کوائن سمیت دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر حملے کے بعد بائنانس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 3 ارب ڈالر مالیت کے مشتبہ اثاثے منجمد کردیے ہیں جبکہ کمپنی کی سیکیورٹی ٹیمیں واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرپٹو مارکیٹ میں ہلچل، بٹ کوائن کی قیمت مزید نیچے گر گئی
رپورٹس میں 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کے ممکنہ کرپٹو ہیک کو تاریخ کے بڑے سائبر حملوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے تاہم بائنانس نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے فنڈز مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
دوسری جانب کمپنی نے صارفین کو کرپٹو کرنسی کی واپسی کے عمل میں تکنیکی مشکلات پیش آنے کی بھی تصدیق کی ہے، جبکہ بائنانس کی الفا ٹریڈنگ سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
ادھر کرپٹو مارکیٹ کی اہم کمپنیوں ٹیتھر اور سرکل نے بھی مشتبہ سائبر حملے سے منسلک 2 ارب 38 کروڑ ڈالر مالیت کے اثاثے منجمد کردیے ہیں۔





