پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر فعال اور منسوخ شدہ سمز سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی شروع کردی، صارفین کو اپنے اکاؤنٹس فعال موبائل نمبرز پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
حکام کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی گئی ہے، جس میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے موبائل نمبرز پر رجسٹرڈ رکھیں جو فعال ہوں اور ان کی اپنی ملکیت اور استعمال میں ہوں۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی سمز بند، منسوخ یا غیر فعال ہوچکی ہیں، وہ فوری طور پر اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی رجسٹریشن موجودہ فعال نمبرز پر منتقل کریں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر فعال سمز سیکیورٹی خطرات پیدا کرسکتی ہیں، کیونکہ ٹیلی کام آپریٹرز بند کیے گئے موبائل نمبرز دوبارہ دوسرے صارفین کو جاری کرسکتے ہیں۔ ایسی صورت میں پرانے نمبر سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ کا کنٹرول سابقہ مالک کے ہاتھ سے نکل سکتا ہے، جبکہ غیر مجاز رسائی کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو اپنی سمز کی موجودہ حیثیت چیک کرنے اور واٹس ایپ اکاؤنٹس صرف زیرِ استعمال موبائل نمبرز سے منسلک رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل سگنلز کمزور ہیں؟ پی ٹی اے نے صارفین کو اہم مشورہ دے دیا
حکام کے مطابق جن صارفین نے اپنے موبائل نمبرز تبدیل کرلیے ہیں، وہ واٹس ایپ کے ’چینج نمبر‘ فیچر کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ نئے نمبر پر منتقل کرسکتے ہیں، تاکہ اکاؤنٹ کے ممکنہ غلط استعمال اور سیکیورٹی خدشات سے محفوظ رہا جاسکے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے اس سے قبل بھی غیر فعال اور منسوخ شدہ سمز پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کے سیکیورٹی خطرات سے متعلق صارفین کو خبردار کرچکا ہے۔





