اساتذہ غائب، اسکول حجرے بن گئے، پی ٹی آئی کے 13 سالوں میں بااثر افراد نے سرکاری املاک پر قبضے جما لیے

پشاور: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ اقتدار کے دوران جہاں ترقیاتی پروگراموں اور تعلیمی اصلاحات کے بڑے بڑے دعوے کیے گئے، وہیں جنوبی وزیرستان سمیت پسماندہ اور قبائلی اضلاع میں تعلیمی نظام کے ساتھ ہولناک مذاق کی سنسنی خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

اربوں روپے کے تعلیمی بجٹ کی موجودگی کے باوجود سینکڑوں اساتذہ کاغذی طور پر بھرتی تو ہوئے لیکن کبھی اسکول کا رخ نہیں کیا۔

سرکاری خزانے سے باقاعدگی کے ساتھ ان بھوتیا اساتذہ کو کروڑوں روپے کی تنخواہیں جاری ہوتی رہیں، جبکہ عملی طور پر تعلیمی ڈھانچہ مکمل طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا گیا۔

مقامی شہریوں اور تعلیمی ماہرین کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کی سنگین غفلت اور مقامی تعلیمی افسران کی رشوت ستانی نے اساتذہ کو بے خوف بنا دیا۔

جنوبی وزیرستان اور لوئر وزیرستان کے متعدد اسکولوں کی عمارتوں پر بااثر افراد نے اپنے ذاتی قبضے جما لیے ہیں اور معصوم بچوں کے لیے تعلیمی دروازے بند کر کے ان اسکولوں کو اپنے ذاتی حجروں اور بیٹھکوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شبقدر میں ہوائی فائرنگ، چند روزہ بچہ گولی لگنے سے زخمی

ڈیوٹی سے بھاگے ہوئے اساتذہ دوسرے بڑے شہروں میں اپنے ذاتی کاروبار اور نجی ملازمتیں چلا رہے ہیں، جس نے وزیرستان کی نسلِ نو کے مستقبل کو گہرے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

اہلِ علاقہ نے موجودہ انتظامیہ اور گورنر راج سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سالوں سے ڈیوٹی سے غائب ان کاغذی اساتذہ کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، ان کی سرپرستی کرنے والے کرپٹ افسران کو گرفتار کیا جائے اور اب تک سرکاری خزانے سے لوٹی گئی تنخواہوں کی رقم واپس قومی خزانے میں جمع کرائی جائے تاکہ تباہ حال تعلیمی نظام کی فوری بحالی ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top