لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم اب تک اپنی مکمل صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، تاہم کھلاڑی فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ انہیں یہ سن کر حیرت ہوتی ہے کہ بعض لوگ پاکستانی کھلاڑیوں کو سنجیدگی سے نہ کھیلنے کا طعنہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں کو غیر سنجیدگی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کے کچھ بیٹرز توقعات کے مطابق رنز نہیں بنا سکے، تاہم انہیں امید ہے کہ وہ فائنل میں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں گے۔
بابر اعظم اور فخر زمان سے بڑی اننگز کی توقع
سلمان علی آغا نے بابر اعظم اور فخر زمان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑی گزشتہ دس سال سے ون ڈے کرکٹ کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور متعدد بڑی سیریز میں پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کیا آج ہوم گراؤنڈ پر تاریخ دہرائی جائے گی؟ فائنل سے قبل شاہین کا کھلاڑیوں کو الٹی میٹم!
ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان عموماً فائنل مقابلوں میں اچھی بیٹنگ کرتے ہیں، اس لیے انہیں توقع ہے کہ بابر اعظم اور فخر زمان دونوں فیصلہ کن میچ میں اہم رنز بنائیں گے۔
پاکستان 350 سے زائد رنز بنا سکتا ہے
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے مختلف میدانوں میں وہاں کی پچز کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکور بنائے اور ان کا کامیابی سے دفاع بھی کیا، تاہم بیٹرز کو اپنی نصف سنچریوں کو بڑی اننگز میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بیٹرز طویل اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگئے تو پاکستان 350 سے زائد رنز بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ ون ڈے کرکٹ میں بڑے اسکور کھڑے کرنا کامیابی کے لیے اہم ہوتا جارہا ہے۔
شاداب خان اور حارث رؤف کی بیٹنگ کی تعریف
سلمان علی آغا نے شاداب خان اور حارث رؤف کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے دباؤ کی صورتحال میں بہترین اعصاب کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے دلچسپ مقابلے روز روز دیکھنے کو نہیں ملتے۔
یہ بھی پڑھیں : تقویٰ کا جعلی نقاب تار تار، فضل الرحمٰن کا بھائی پی ٹی سی ایل کا معمولی اہلکار ہونے کے باوجود راتوں رات ڈی سی کے اعلیٰ عہدے پر براجمان
سیریز کے دوران کھلاڑیوں کو ٹیم سے ڈراپ کیے جانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں ایسا کرنا مناسب نہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال دوبارہ پیدا نہیں ہوگی۔
فائنل میں شائقین سے بھرپور سپورٹ کی اپیل
کپتانی کے دباؤ سے متعلق سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے کہا کہ کپتان پر دباؤ ضرور ہوتا ہے، تاہم اب وہ ماضی کے مقابلے میں کم دباؤ محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے کرکٹ شائقین سے اپیل کی کہ وہ فائنل میں بھی قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا تھا اور انہیں امید ہے کہ لاہور میں بھی شائقین اسی جوش و جذبے کے ساتھ قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے پہنچیں گے۔





