ضلع خیبر میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا، ملک بھر میں تعداد 8 ہوگئی

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر سے رواں سال کا دوسرا جبکہ پاکستان میں 2026 کا آٹھواں پولیو کیس رپورٹ ہوگیا، نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) نے ملک میں پولیو کیسز کی تصدیق کردی ہے۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کی یونین کونسل جانبازبی میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے بھی توثیق کردی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے جن میں بنوں سے 3، ضلع خیبر سے 2 اور شمالی وزیرستان سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، جبکہ سندھ سے بھی 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ملک بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں انسدادِ پولیو کی ذیلی قومی مہم 2 سے 8 نومبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 2 نومبر سے ہوگا

نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچاؤ ممکن ہے۔

 والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی بروقت مکمل کروائیں۔

Scroll to Top