پولیو ورکرز اور پولیس کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ملوث عناصر کیفرِ کردار تک پہنچیں گے، ثمر ہارون بلور

پشاور: خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے ضلع مہمند میں پولیو مہم کے دوران پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ضلع ٹانک میں پیش آنے والے واقعے پر گہرے رنج، افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی پر مامور پولیس ٹیم کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت اقدام ہے۔

واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کی یہ قربانیاں ملک و قوم کے تحفظ اور بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مشیر اطلاعات نے ضلع ٹانک کے واقعے پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا نہ صرف امن و امان بلکہ ہمارے بچوں کے روشن اور محفوظ مستقبل پر براہِ راست حملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع ٹانک میں پولیو ورکرز کے اغوا پر گورنر خیبرپختونخوا کا سخت ردِعمل

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

ثمر ہارون بلور نے زخمی پولیس اہلکار کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی اور شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

انہوں نے مزید تاکید کی کہ متعلقہ حکام متاثرہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور واقعے میں ملوث ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائیاں ہمارے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں اور پوری قوم پولیس و سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Scroll to Top