پشاور: خیبر پختونخوا کے اضلاع مہمند اور ٹانک میں پولیو مہم کے دوران تشویشناک واقعات پیش آئے ہیں، جہاں مہمند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا، دوسری جانب ٹانک سے چار پولیو ورکرز کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع مہمند میں تھانہ پنڈیالی کی حدود، بمقام تمانزئی، پولیو مہم کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے سیکیورٹی ٹیم پر اچانک فائرنگ کر دی۔
ڈی پی او مہمند رضا محمد خان کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار شہید اور ایک معمولی زخمی ہوا، جبکہ جواباً کارروائی میں ایک دہشت گرد بھی زخمی ہوا۔
فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت ظہور اور عربی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار کا نام صابر بتایا گیا ہے۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند: انسداد پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ، دو پولیس اہلکار شہید، ایک زخمی
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹانک میں چار پولیو ورکرز کے اغوا اور مہمند میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز بچوں کے محفوظ مستقبل اور صحت مند پاکستان کے لیے قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں، اور انہیں نشانہ بنانا انسانیت و قومی مفاد کے خلاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکام کو ہدایت کی کہ مغوی پولیو ورکرز کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔
اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے بھی ضلع مہمند میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ضلع ٹانک میں پولیو ورکرز کے اغوا کے واقعے پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔





