پشاور ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت اب کارروائیاں دو شفٹوں میں کی جائیں گی۔
آپریشن کی مقررہ مدت میں بلا تاخیر تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ رنگ روڈ پر جاری کارروائی رواں ہفتے ہی مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ رنگ روڈ اور اندرون شہر میں اب تک 29 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی 410 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ اس دوران تقریباً 570 دکانوں اور دیگر عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹی سرکلر روڈ پر واقع پولیس اسٹیشن آغا میر جانی شاہ، پشتخرہ اور رحمان بابا کے علاوہ گڑھی قمر دین میں سرکاری گرلز اسکول اور شہر کے قبرستانوں میں قائم تجاوزات کو بھی مسمار کر کے وقف اراضی واگزار کرائی جائے گی۔
ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے شہر بھر کی رکشہ اور گاڑیوں کی ورکشاپس کو رنگ روڈ منتقل کرنے، دن کے اوقات میں مال بردار گاڑیوں کی نقل و حرکت محدود کرنے اور دکانوں کے سامنے تھڑے بنانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا سیاسی جماعتوں کو نجی مسلح فورسز بنانے کا حق ہے؟ انصار الاسلام پر خیبرپختونخوا کے شہریوں نے سوالات اٹھا دیے
کمشنر پشاور کا کہنا ہے کہ اس تمام آپریشن کا مقصد شہریوں کو کشادہ راستے اور صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔ واگزار کرائی گئی اراضی پر دوبارہ قبضے روکنے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائے گا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں کو نقد انعامات بھی دیے جائیں گے۔





