اقتدار کی ہوس میں ریاست کے خلاف محاذ آرائی اور سیاسی مراکز میں مسلح جتھوں کی نمائش، خیبرپختونخوا کے شہریوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاست پر کڑے سوالات اٹھا دیے۔
ڈی آئی خان کے شہریوں نے اس امر پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں جب ٹائیگر فورس بنائی تھی تو اس پر بھی سوالات اٹھے تھے۔ اب مولانا فضل الرحمٰن کے پاس بھی انصار الاسلام نامی فورس موجود ہے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والی فورسز کی موجودگی میں سیاسی جماعتوں کو اپنی نجی مسلح فورسز بنانے کی کیا ضرورت ہے؟ کیا اس قسم کے اقدامات ریاستی نظام کے متوازی ایک اور ڈھانچہ کھڑا کرنے کے مترادف نہیں ہیں؟ عوام کا مطالبہ ہے کہ ان فورسز کا سختی سے نوٹس لیا جائے۔
پشاور کے شہریوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی سیاسی تاریخ کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست ہمیشہ مفادات کے گرد گھومتی ہے۔ ماضی میں جن ادوار میں انہیں اقتدار میں من پسند حصہ نہیں ملا، وہ حکومت اور ریاست کے سامنے کڑے ناقد بن کر ابھرے۔ ماضی کی شدید مخالفت اور ایک دوسرے کے خلاف تند و تلخ بیانات کے بعد اب تحریک انصاف کے ساتھ اچانک غیر فطری گٹھ جوڑ اور سیاسی ملاپ پر بھی شہریوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمتیں مستحکم، چاندی کی قیمت میں کمی
شہریوں کا کہنا ہے کہ ذاتی اور سیاسی مفادات کے حصول کے لیے یہ اتحاد محض وقتی شوروغل ہے، جو ذاتی غرض پوری ہونے پر خود بخود ختم ہو جائے گا۔





