کالعدم بی ایل اے کے سربراہ بشیر زیب شدید زہر خورانی کا شکار ہو گیا ہے جسے علاج کے لیے افغانستان کے شہر قندھار سے بھارت منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بشیر زیب کو اس کے اپنے ہی ایک انتہائی قریبی اور اعتماد والے شخص نے زہر دیا، جس کے بعد تنظیم کے اندر شدید نوعیت کا دباؤ اور کھٹ پٹ کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
اس واقعے نے یہ سوالات بھی اٹھا دیے ہیں کہ آیا قندھار میں اٹھایا جانے والا یہ انتہائی قدم بی ایل اے کے اندرونی گروہی تنازع، بالخصوص رحمان گل گروپ کی کارروائی ہے یا اس کے پیچھے کسی بیرونی عناصر کا گہرا نفوذ ہے۔
بشیر زیب کو زہر دیے جانے کے اس واقعے کے پیچھے کالعدم تنظیم میں جاری سنگین اندرونی اختلاف، بدعنوانیاں اور پیسے کی تقسیم کا تنازع کارفرما بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کے اہم عہدیداروں کی جانب سے اسٹاک ہوم اور پیرس سمیت یورپی ممالک میں بھاری رقم منتقل کیے جانے کے ثبوت سامنے آئے ہیں جس پر اندرونی سطح پر شدید زبانی کلامی اور محاذ آرائی جاری تھی۔ اس مالی کرپشن، یورپ منی ٹریل، اور بی ایل اے کی کارروائیوں میں بلوچ خواتین کے استحصالی استعمال پر تنظیمی سطح پر شدید غصہ اور اختلافات پائے جاتے ہیں۔
علاوہ ازیں،بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے ملین ڈالرز کی بھاری فنڈنگ کے باوجود بی ایل اے کی مبینہ کارروائی ہیروف 3کی ناکامی نے بھی تنظیم کے اندر سخت ناامیدی اور بوکھلاہٹ پھیلا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا،نوٹیفکیشن جاری
اندرونی دھڑے بندیوں اور مسلسل ناکامیوں کے بعد طویل عرصے سے پکنے والے اس بحران کے نتیجے میں بشیر زیب کو زہر دیا گیا جس کے بعد اسے بھارتی سرپرستی میں علاج اور پناہ کے لیے بھارت منتقل کیا جا چکا ہے۔





