اسکولوں میں گوگل سرچ اور جیمنائی پر پابندی؟ 2027 سے نفاذ کا امکان!

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ کی جانب سے مصنوعی ذہانت (AI) اور سرچ سروسز کے استعمال سے متعلق سخت اور جامع پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت اسکول انتظامیہ کی صریح اجازت کے بغیر طلبہ اپنے اسکول اکاؤنٹس پر AI آلات اور گوگل سرچ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئی پالیسی کا اطلاق پہلی جماعت سے بارہویں جماعت (K-12) تک کے ان تمام طلبہ کے اکاؤنٹس پر ہوگا جو تعلیمی اداروں کے زیرِ انتظام چل رہے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں جیمنائی (Gemini)، نوٹ بک ایل ایم (NotebookLM) اور خود گوگل سرچ کی سہولیات کو بطورِ ڈیفالٹ بند رکھا جائے گا تاہم اسکول انتظامیہ کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق انہیں فعال (Enable) یا محدود کر سکے۔

گوگل نے یہ قدم تعلیمی میدان میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اور بے جا استعمال پر دنیا بھر میں ہونے والی تنقید کے بعد اٹھایا ہے۔

عالمی سطح پر یہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ AI کے مشینی جوابات طلبہ کی اپنی سوچ، تحلیلی صلاحیت اور تنقیدی سوچ (Critical Thinking) کو متاثر کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان نئی تبدیلیوں اور پابندیوں کا باقاعدہ نفاذ2027 کے اوائل سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

پالیسی کی سب سے اہم شق یہ ہے کہ اگر کوئی اسکول AI سہولیات کو غیر فعال رکھتا ہے تو وہاں روایتی گوگل سرچ بھی خود بخود بند رہے گی۔

تعلیمی ماہرین اس بات پر بحث کر رہے ہیں کہ طلبہ کو تحقیق کرنے، معلومات کی تصدیق کرنے اور مختلف ذرائع کا جائزہ لینے کے لیے روایتی سرچ کی سہولت تو میسر ہونی چاہیے جبکہ AI کے غیر ضروری استعمال کو الگ سے کنٹرول کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ پر ایران جنگ کتنی مہنگی پڑی؟موڈیز کی رپورٹ نے کچا چٹھا کھول دیا!

رپورٹ میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے لیے ایسی مصنوعی ذہانت کی ضرورت ہے جو بچوں کو خود سے سوال اٹھانے اور سیکھنے کی صلاحیت کو فروغ دے نہ کہ ان کے تجسس اور تخلیقی صلاحیتوں کو ختم کرے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جہاں طلبہ کی ڈیٹا اور پرائیویسی کے تحفظ کو یقینی بنانا لازمی ہے وہیں ان کے سیکھنے کی عادتوں سے متعلق معلومات اساتذہ کے لیے تدریسی عمل کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top