سونا اور چاندی خریدنے والوں کےلیے اہم خبر آ گئی

عالمی اور مقامی صرافہ بازاروں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ تھم گیا جس کے بعد سونے کی قیمتیں مستحکم سطح پر آ گئیں۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتے کے روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔ فی تولہ سونا 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے کی سطح پر بغیر کسی تبدیلی کے برقرار رہا، جبکہ 10 گرام سونے کے نرخ بھی 3 لاکھ 67 ہزار 914 روپے پر جوں کے توں رہے۔

دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کا بازار متوازن رہا اور فی اونس قیمت 4 ہزار 66 ڈالر کی سطح پر ٹھہری رہی۔

البتہ سونے کے برعکس مقامی سطح پر چاندی کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جہاں فی تولہ چاندی 10 روپے ارزاں ہو کر 5 ہزار 668 روپے کی ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 9 مئی کے 275 کیسز بحالی کی منظوری، اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں کا خدشہ

معاشی ماہرین کے مطابق سونا عالمی سطح پر محفوظ سرمایہ کاری کا بہترین ذریعہ مانا جاتا ہے جس کی قیمتوں پر امریکی ڈالر کی قدر، بین الاقوامی معاشی خدشات، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

پاکستان میں عالمی نرخوں کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر اور ڈالر کا ایکسچینج ریٹ بھی سونے کی مقامی قیمتوں کا تعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Scroll to Top