پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔ محسن نقوی نے اسے پاک سوڈان تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلوں میں آسانی ہوگی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جن میں سیکیورٹی، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، نادرا اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سوڈان میں نادرا کے تعاون سے شہریوں کی رجسٹریشن کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مزید معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیر داخلہ نے پاکستانی پولیس افسران کے ذریعے سوڈانی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت اور سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں طبی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اظہار تشکر کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔





