شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن، فتنۃ الخوارج کے دو ٹھکانے تباہ، بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نے میر علی کے جنوبی علاقے موزک گاؤں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کے دو ٹھکانے تباہ اور کلیئر کردیے۔

کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران مساجد میں قائم خوارجی دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا گیا۔ ان ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کیا، جو شعائر اسلام کی کھلی بے حرمتی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی سرپرستی یافتہ فتنۃ الخوارج کا اسلام کی بنیادی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کی اسلام کے نام پر گمراہ کن تشریح ناقابل قبول ہے۔ خیبرپختونخوا اور پاکستان کے عوام مذہب کے غلط استعمال کو مسترد کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں خصوصی ترقیاتی منصوبوں کے لیے نیا آرڈیننس تیار، سرکاری خریداری کے قوانین سے استثنیٰ کی تجویز

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی اہلکار دہشت گردوں کے مزید ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

Scroll to Top