خیبرپختونخوا میں خصوصی ترقیاتی منصوبوں کے لیے نیا آرڈیننس تیار، سرکاری خریداری کے قوانین سے استثنیٰ کی تجویز

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے خصوصی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور ان پر تیز رفتار عمل درآمد کے لیے اسپیشل انیشی ایٹوز آرڈیننس 2026 کا مسودہ تیار کرلیا ہے، جس میں سرکاری خریداری کے موجودہ قوانین سے استثنیٰ، سکیورٹی اداروں کو ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے دینے اور بعض انتظامی و مالیاتی بے ضابطگیوں پر قانونی تحفظ فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

مجوزہ آرڈیننس کے تحت صوبائی حکومت ایک ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے گی، جس کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر ارکان حکومت نامزد کرے گی۔

کمیٹی کو خصوصی نوعیت کے فوری اور ہنگامی ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی، منظوری، تصوراتی دستاویزات اور پی سی ون کی جانچ پڑتال سمیت پیشگی منظوری دینے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ ایگزیکٹو کمیٹی سرکاری محکموں، خودمختار اداروں، مقامی حکومتوں اور دیگر اداروں کے علاوہ سکیورٹی اداروں اور فارمیشنز کو بھی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے نامزد کرسکے گی، جبکہ منصوبوں کی نگرانی اور جانچ پڑتال کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا جاسکے گا۔

مجوزہ آرڈیننس کی اہم شق کے تحت خصوصی ترقیاتی منصوبوں پر خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2012 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا، جہاں ان کی دفعات مجوزہ آرڈیننس سے متصادم ہوں۔ اس طرح خصوصی منصوبوں کی خریداری اور عمل درآمد کے لیے الگ طریقہ کار وضع کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو رواں سال 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں، محمود جان بابر

مسودے میں سرکاری اہلکاروں کو نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات اور بعض طریقہ کار کی خلاف ورزیوں پر قانونی تحفظ دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ کسی تجارتی لین دین یا معاہدے میں محض طریقہ کار کی بے ضابطگی کی بنیاد پر تحقیقات شروع کرنے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے، تاہم ذاتی مالی فائدے اور اس سے متعلق شواہد کی موجودگی میں کارروائی کی گنجائش برقرار رکھی گئی ہے۔

مجوزہ قانون کی ایک اور اہم شق کے مطابق آرڈیننس کے تحت کیے گئے اقدامات یا جاری کردہ احکامات کے خلاف کسی عدالت کو مقدمات یا کارروائیوں کی سماعت کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔

مسودے کے مطابق مجوزہ آرڈیننس کا اطلاق خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی سے متاثرہ اضلاع کے علاوہ صوبے کے باقی تمام علاقوں میں ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ آرڈیننس تاحال مسودے کی شکل میں ہے اور اس کی تجاویز قانون سازی کے بعد ہی نافذ العمل ہوسکیں گی۔

Scroll to Top