بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے تھرپارکر کے قحط متاثرہ غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے خصوصی مالی امداد اور پاورٹی اسکور میں رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایت پر ضلع تھرپارکر کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی میں ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ تھرپارکر کو قحط زدہ قرار دیے جانے کے بعد متاثرہ مستحق خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ نئے خاندانوں کو بھی ریلیف پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت 32 پاورٹی اسکور تک کے خاندان بی آئی ایس پی سے مستفید ہو رہے ہیں، تاہم قحط کی صورتحال کے پیش نظر 45 سے 50 پاورٹی اسکور والے خاندانوں کو بھی امداد میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں ہزاروں اسکولوں کی عمارتیں غیر محفوظ قرار
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ غریبوں کی امداد کے پروگرام پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے عملے کی کمی دور کرنے کے لیے مزید اہلکار ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے اور دور دراز علاقوں کی مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے لیے موبائل وینز بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔
روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ خواتین کو مالی امداد کی شفاف اور بلا تعطل فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 93 لاکھ سے زائد ڈیجیٹل اکاؤنٹس فعال ہوچکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کی آئندہ قسط 6 بینکوں کے ذریعے مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس میں براہِ راست منتقل کی جائے گی، جبکہ جلد مزید بینکوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا تاکہ خواتین کو رقوم کی وصولی میں آسانی ہو۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں ایک کروڑ 2 لاکھ خاندان پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں، جس سے تقریباً 5 کروڑ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔





