جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ سیکٹر میں پاک سیکیورٹی فورسز نے سرحد پر دشمن کی بڑی سازش کو ناکام بناتے ہوئے دندان شکن حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک خارجی ہلاک اور ان کا مواصلاتی و دفاعی نیٹ ورک تباہ ہو گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 09 نومبر کی صبح انگور اڈہ کے سرحدی زون میں افغان طالبان اور خوارج کی جانب سے مشکوک حرکات نوٹ کی گئیں۔
دشمن عناصر نے سرحد پار سے چھپی ہوئی خندقوں اور قبل از وقت تیار کردہ مورچوں کی آڑ لے کر پاکستان کی حدود کی جانب پیش قدمی اور مورچہ بندی کی بزدلانہ کوشش کی۔
پاک سیکیورٹی فورسز نے سرحدی زون میں مشکوک حرکات کو بروقت بھانپتے ہوئے فوری، شدید اور بھرپور کارروائی کی۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن، فتنۃ الخوارج کے دو ٹھکانے تباہ، بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
فورسز کی جانب سے کی جانے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں دشمن کی پیش قدمی مکمل طور پر رک گئی اور خندقوں میں چھپے خوارج کا ایک دہشت گرد موقع پر ہی جہنم واصل ہو گیا۔ فورسز کی مؤثر ضرب سے خوارج کی مورچہ بندی اور چھپنے کے ٹھکانے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں پر ہر قسم کی مشکوک حرکات اور غیر قانونی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
ملک کی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی ہر کوشش کا دندان شکن اور ہولناک انجام دیا جائے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے وطنِ عزیز کی سرحدوں کے تحفظ اور کسی بھی قسم کی غیر ملکی یا خارجي جارحیت کا منھ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت پرعزم اور تیار ہیں۔





