جماعتی چندہ یا نجی فنڈز؟ فضل الرحمان کے بھائیوں اور جے یو آئی رہنماؤں کے غیر ملکی دوروں پر بڑے سوالات

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائیوں ضیاء الرحمان، عبید الرحمان اور جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری راشد محمود سومرو کے بیرون ملک دوروں کی نئی تفصیلات سامنے آنے کے بعد شدید ردعمل اور سخت سوالات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی رہنما 27 اکتوبر سے 13 نومبر تک برطانیہ اور اسپین کے دورے پر موجود رہے ہیں۔ اس دوران لندن میں شاہانہ قیام، یورپی ممالک کے درمیان مہنگے سفری اخراجات اور مالی معاونت کے واقعی ذرائع پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا ان دوروں پر جماعتی اور مدارس کے فنڈز کا استعمال ہوا یا یہ نجی پیسے پر کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق سینیٹر دلاور خان کے بیٹے عدنان خان اور برطانیہ کے تاجر امجد خان کو لندن میں مبینہ میزبان اور فنانسر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے بعد ان سیاسی شخصیات کے کاروباری حلقوں سے تعلقات کی نوعیت پر بھی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔

اگرچہ جماعتی یا مدارس کے فنڈز کے استعمال کے کوئی مصدقہ ثبوت سامنے نہیں آئے، تاہم عوامی حلقوں اور ناقدین کی جانب سے مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر دوروں کے تمام اخراجات اور مالی معاونت کے آڈٹ کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھیں۔

Scroll to Top