مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر کے امن کے دشمن فسادی جتھے کی دہشت گردی اور سفاکیت ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خوفناک شکل اختیار کرتی جارہی ہے۔
راولاکوٹ میں معصوم بچی کی ہلاکت جیسے دلخراش واقعے کو اپنے سیاسی اور مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے والے شرپسند عناصر کا بھیانک چہرہ سامنے آنے والی ایک سنسنی خیز آڈیو لیک کے بعد مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے۔
اپنے ہی مسلح کارکنوں کی فائرنگ کا اعتراف اور شرمناک منصوبہ بندی
سامنے آنے والی اس آڈیو لیک نے فسادیوں کے تمام مکروہ عزائم کا پول کھول دیا ہے۔ اس آڈیو میں شرپسند عناصر اس تلخ حقیقت کا برملا اعتراف کر رہے ہیں کہ معصوم بچیوں پر فائرنگ ان کے اپنے ہی مسلح کارکنوں کی فائرنگ سے ہوئی۔
اپنے ہی ہاتھوں سے خون کی ہولی کھیلنے کے باوجود، اس جتھے کے کارندوں نے پلاننگ کے تحت اس اندوہناک واقعے کا جھوٹا ملبہ سیکیورٹی فورسز پر ڈالنے کی گھناؤنی سازش تیار کی۔
مظلوم خاندان پر دباؤ اور من پسند بیانات کی سازش
آڈیو لیک نے اس بات کا بھی پردہ فاش کر دیا ہے کہ فسادی جتھے نے جویریہ ثاقب کی المناک موت پر غمزدہ اور مجبور خاندان کو شدید دباؤ میں لایا، تاکہ انہیں زبردستی من پسند اور جھوٹا بیان دینے پر مجبور کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی پٹھو فتنہ الخوارج کی مساجد کے اندر آتشیں اسلحے اور بھتے کی رقم کے ساتھ دندناتے ہوئے ویڈیوز وائرل، اسلام دشمن عناصر کا بھیانک چہرہ بے نقاب
معصوم بچی کے خون پر سیاست چمکانے اور اس کے لواحقین کو بلیک میل کرنے کی یہ روش ان عناصر کی اخلاقی پستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سوشل میڈیا پر گمراہ کن مہم اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش
آڈیو لیک سے یہ بالکل واضح ہو چکا ہے کہ فسادی جتھے نے سوچی سمجھی سازش کے تحت سوشل میڈیا پر جھوٹی ویڈیوز اور من گھڑت پوسٹوں کا طوفان کھڑا کیا۔ اس تمام پروپیگنڈے کا واحد مقصد ریاستی اداروں کو بدنام کرنا اور علاقے میں انارکی پھیلانا تھا۔
معصوم بچی کے خون کو سیاسی ایندھن بنانے، شرپسندانہ سازشوں اور سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی اس غلاظت پر مبنی مہم نے اس فسادی جتھے کے اصل اور ملک دشمن مقاصد پر بڑے سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں، جنہیں اب عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔





