مردان: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) مردان نے انٹرمیڈیٹ پارٹ اول اور پارٹ دوم کے سالانہ امتحانات 2026 (سالانہ دوم) کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق امتحانات 18 نومبر سے شروع ہوں گے اور 5 دسمبر 2026 تک جاری رہیں گے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحانات دو مختلف شفٹوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ صبح کی شفٹ کے امتحانات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جبکہ شام کی شفٹ کے امتحانات دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے۔
امتحانات میں انگریزی، اردو، ریاضی، فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، کمپیوٹر سائنس اور اسلامیات سمیت مختلف مضامین کے پرچے لیے جائیں گے۔
بورڈ انتظامیہ نے تمام طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ صبح کی شفٹ میں امتحان دینے والے امیدوار صبح 8 بج کر 30 منٹ تک جبکہ شام کی شفٹ کے امیدوار دوپہر 1 بج کر 30 منٹ تک اپنے امتحانی مراکز پہنچ جائیں تاکہ امتحانی کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : صحت کے شعبے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے 13 سال اور محض 18 ہزار بیڈز، پی ٹی آئی کے سیاہ دور کا سب سے بڑا سچ، مشیرِ صحت نگار جوہر نے سرِعام بے نقاب کر دیا
بورڈ نے امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم امتحانی مراکز کے سپرنٹنڈنٹس کو سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
طلبہ اپنے رول نمبر سلپس اور امتحانات سے متعلق دیگر تفصیلات بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bisemdn.edu.pk اور اسٹوڈنٹ پورٹل سے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ پرائیویٹ امیدوار اپنی رول نمبر سلپس rollno.bisemdn.edu.pk کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
بورڈ انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ امتحانات سے قبل اپنی رول نمبر سلپس حاصل کریں، ڈیٹ شیٹ کے مطابق تیاری مکمل رکھیں اور امتحانی مراکز میں جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔





