کرک: خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی جانب سے ایک لاکھ ممبرشپ اور سیاسی طاقت کے بڑے بڑے دعوے اس وقت زمین بوس ہو گئے جب جماعت کی جانب سے ریاست مخالف بیانیے پر بلائے گئے احتجاج میں 20 افراد بھی سڑکوں پر نہ آ سکے۔ اتوار کے روز کرک میں دی گئی احتجاجی کال کے دوران زمینی حقائق نے تمام کاغذی دعوؤں کا پول کھول کر رکھ دیا۔
کاروباری سرگرمیاں حسب معمول جاری، عوام کی سرد مہری
کرک کے اس مخصوص چوک میں، جہاں عام طور پر عوامی حمایت سے محروم سیاسی پارٹیاں اپنے مطالبات کے لیے احتجاج ریکارڈ کراتی ہیں، احتجاج کے روز بھی تجارتی سرگرمیاں اور کاروباری سلسلہ پوری طرح جاری رہا۔
سڑکوں پر عوام کی گہما گہما اور مارکیٹوں کی رونق اس بات کا واضح اور ناقابل تردید ثبوت تھی کہ عوام نے اس سیاسی احتجاج کی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ موقع پر موجود مبصرین کے مطابق احتجاجی مقام پر 10 افراد بھی بمشکل ہی دکھائی دیے، جو کہ دعوؤں اور زمینی حقیقت کے درمیان موجود وسیع خلیج کو عیاں کرتا ہے۔
تنظیمی ڈھانچہ بمقابلہ زمینی حقائق
جمعیت علمائے اسلام خود کو ضلع کرک کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہونے کا دعویٰ کرتی چلی آ رہی ہے، تاہم اگر پارٹی کے انتظامی ڈھانچے کے اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے تو صورتحال مزید واضح ہو جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صحت کے شعبے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے 13 سال اور محض 18 ہزار بیڈز، پی ٹی آئی کے سیاہ دور کا سب سے بڑا سچ، مشیرِ صحت نگار جوہر نے سرِعام بے نقاب کر دیا
پارٹی ذرائع کے مطابق ضلع کرک کی تینوں تحصیلوں میں کل ملا کر مجلس عمومی کے ارکان کی تعداد صرف 7,410 بنتی ہے، جبکہ دوسری طرف پارٹی کی جانب سے ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی ممبرشپ مکمل کرنے کے بلند بانگ دعوے کیے گئے تھے۔
اتنی بڑی تعداد میں بنیادی اراکین اور تنظیمی ڈھانچے کا دعویٰ کرنے کے باوجود جب پارٹی نے عملی میدان میں احتجاج کا اعلان کیا تو کارکنوں کا اس طرح غائب ہو جانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ کاغذی اعداد و شمار اور زمینی مقبولیت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
ریاست مخالف بیانیہ اور عوامی شعور
پاکستانی سیاسی افق پر جب بھی کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت ریاست مخالف بیانیے یا دباؤ کی سیاست کو ہوا دینے کی کوشش کی جاتی ہے، تو عوام کا ردعمل ہمیشہ ان کے عزائم کو ناکام بنا دیتا ہے۔
کرک کے غیور عوام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں عام شہری کسی بھی ذاتی، گروہی یا منافرت پر مبنی سیاسی ایجنڈے کا حصہ بننے کے بجائے ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا زیادہ بہتر سمجھتا ہے۔
ماضی میں بھی جب سیاسی جماعتوں نے حقیقی عوامی مسائل کو پسِ پشت ڈال کر اپنے گہرے سیاسی اور خاندانی مفادات کی جنگ لڑی ہے، تو عوام نے شعوری طور پر ایسے پلیٹ فارمز سے لاتعلقی اور دوری اختیار کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ کے بھتہ خوروں کے نام نہاد ’’دیوتاؤں‘‘ کے چہروں سے نقاب ہمیشہ کے لیے اُتر گیا، اختیار ولی خان کا بڑا انکشاف
کرک کی یہ صورت حال اس بات کا اعادہ ہے کہ سیاسی قیادت کے کھوکھلے دعوے اور کاغذی ممبرشپ اس وقت بالکل بے معنی ہو جاتی ہے جب عوام کے دلوں میں ریاست کی بقا اور سلامتی کا جذبہ مقدم ہو۔
سیاسی قیادت کے لیے لمحہ فکریہ
موجودہ سیاسی منظر نامے کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت کھل کر سامنے آتی ہے کہ روایتی سیاست اور زبردستی کا احتجاجی کلچر اب عوام کو متاثر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
جب سیاسی جماعتیں اپنے نجی یا گروہی مقاصد کے لیے عوام کے نام پر جذبات کا استحصال کرنے کی کوشش کرتی ہیں، تو نچلی سطح پر انہیں شدید سرد مہری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کرک کا یہ حالیہ واقعہ اس رجحان کی ایک روشن اور منہ بولتی مثال ہے جہاں ایک بڑی سیاسی جماعت کا دعویٰ محض اعداد و شمار کا فریب بن کر رہ گیا۔
یہ صورت حال اس امر کی متقاضی ہے کہ آنے والے دنوں میں سیاسی جماعتیں اپنی حکمت عملی پر سنجیدگی سے نظرثانی کریں، کیونکہ اب ووٹرز سیاسی نعرے بازی اور حقیقی عوامی فلاح کے درمیان فرق کو بخوبی سمجھ چکے ہیں۔





