اسلام آباد: معروف عالمی جریدے “دی گارڈین” اور “زن ٹائمز” کی ایک حالیہ مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں افغانستان میں طالبان انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے افغان خواتین کی صحت اور روزمرہ زندگی پر مرتب ہونے والے سنگین اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان پابندیوں کے باعث افغانستان میں خواتین کے لیے بنیادی طبی امداد کا حصول انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔
عالمی میڈیا کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان حکام کے غیر اعلانیہ احکامات اور سخت ضابطوں کے خوف سے مرد ڈاکٹر خواتین مریضوں کا معائنہ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔
مزید برآں رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ اسپتالوں اور طبی مراکز میں خواتین مریضوں کو ان کے اصل نام سے پکارنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جس کی وجہ سے علاج معالجے کا عمل مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
دی گارڈین اور زن ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان حالات میں افغان خواتین کے پاس دو ہی راستے بچے ہیں: یا تو وہ علاج کی غرض سے اپنی اور طبی عملے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں، یا پھر شدید بیماریوں کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور رہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کا راج، موٹروے ایم 4 کے مختلف سیکشنز ٹریفک کے لیے بند، مسافروں کے لیے سفری ایڈوائزری جاری
طبی اور انسانی حقوق کے عالمی ماہرین نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خواتین کے بنیادی حقوق اور صحت کی سہولیات تک رسائی پر قدغنیں افغانستان کو ایک سنگین انسانی اور سماجی بحران کی جانب دھکیل رہی ہیں۔
دوسری جانب علاقائی سلامتی کے تناظر میں پاکستان کے حکام اور سیکیورٹی ادارے بھی مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتے آئے ہیں کہ افغان سرزمین پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
پاکستانی حکام کے مطابق ملک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے متعدد واقعات کے تانے بانے افغانستان میں موجود شدت پسند نیٹ ورکس سے جا ملتے ہیں، جبکہ طالبان انتظامیہ کی جانب سے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا جاتا رہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
تاہم انسانی حقوق کی پامالیوں اور علاقائی سلامتی کے خدشات کے باعث طالبان حکومت کو عالمی سطح پر مسلسل تنقید اور دباؤ کا سامنا ہے۔





