سوشل میڈیا پر اپنی غیر معمولی استطاعت اور عزم کے جوہر دکھانے والے پشاور کے ہونہار انٹرنیشنل ایتھلیٹ مسعود بالآخر حکومتی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا خود نوٹس لیتے ہوئے نوجوان ایتھلیٹ کو گورنر ہاؤس طلب کیا جہاں ان کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ناصرف نقد مالی امداد دی گئی بلکہ ان کے علاج معالجے کے لیے بھی محکمہ صحت کو فوری اور ہنگامی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے نامور انٹرنیشنل ایتھلیٹ مسعود نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات کے دوران مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی، سیکرٹری کھیل محمد آصف، ایتھلیٹ کے کوچ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ایتھلیٹ مسعود نے پشاور سے اسکردو اور پشاور سے کراچی تک انتہائی کٹھن اور طویل فاصلے کی رننگ (دوڑ) کو کامیابی کے ساتھ مکمل کر کے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے نوجوان ایتھلیٹ کی اس انتھک محنت، فولادی عزم اور سچی لگن کو بھرپور انداز میں سراہا ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں پانچ لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
اس کے ساتھ ہی گورنر نے ایتھلیٹ کی صحت کے معاملات کو سنجیدہ لیتے ہوئے محکمہ صحت کو ان کے فوری علاج کے لیے ضروری احکامات بھی جاری کیے۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے مسعود کی یہ حیرت انگیز ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی تھی جس کے بعد انہوں نے خود رابطہ کر کے انہیں بلایا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں نوجوان کھلاڑیوں کو وہ سرپرستی اور حکومتی سہولیات نہیں مل سکیں، جن کے وہ اصل حقدار ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ گزشتہ سال ’ایڈاپٹ اے پلیئر‘ اقدام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت صوبے کا نام روشن کرنے والے 100 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں کو اعزازات اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذر الرحمن کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہ ہو سکے گا، مشیر اوقاف خیبرپختونخوا کا تعزیتی پیغام جاری!
انہوں نے محکمہ کھیل کو سختی سے ہدایت کی کہ اس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھانے اور نوجوان کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی کے لیے مختلف محکموں اور نجی شعبوں سے رابطوں کا ایک مؤثر اور جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو مکمل میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔
گورنر نے مزید بتایا کہ انہوں نے صوبے میں کرکٹ کی سرگرمیوں کے فروغ اور گراؤنڈز کی حالت بہتر بنانے کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بھی تفصیلی بات چیت کی ہے۔





