ہزارہ ڈویژن میں خواتین کو ان کے جائز قانونی حقوق دلانے اور ہراسگی کی روک تھام کے لیے انتظامیہ اور صوبائی احتساب اداروں نے گھیرا تنگ کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی اور خاتون محتسب خیبر پختونخوا رباب مہدی کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقات میں ہزارہ کے تمام 8 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی جہاں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انصاف کی فوری فراہمی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن کے دفتر میں خاتون محتسب خیبر پختونخوا رباب مہدی اور کمشنر شاہ رخ علی کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہزارہ ڈویژن کے تمام 8 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد خواتین کے حقوق کا تحفظ، کام کی جگہوں اور معاشرے میں ہراسگی کے خلاف قانونی اقدامات کو تیز کرنا اور عوامی سطح پر اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
صوبائی خاتون محتسب رباب مہدی نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کا ادارہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ہراسگی کی روک تھام سے متعلق دو اہم قوانین کے تحت مکمل عدالتی اختیارات کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
ادارے کی کارکردگی کی تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ادارے میں روزانہ کی بنیاد پر 80 سے 100 کیسز کی سماعت کی جاتی ہے، جبکہ ہر روز20 سے 30 نئی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔
خواتین کے لیے انصاف تک رسائی کو انتہائی آسان بناتے ہوئے درخواست دائر کرنے کی کوئی فیس نہیں رکھی گئی اور نہ ہی اس کے لیے کسی وکیل کی خدمات حاصل کرنا ضروری ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ادارے نے کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے 22 ہزار کیسز نمٹائے جبکہ متاثرہ خواتین کو 42 ارب روپے مالیت کی جائیدادیں بھی واہگزار کرا کے دلوائیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ خاتون محتسب سیکرٹریٹ میں قائم کنفلیکٹ ریزولوشن ڈیسک کے ذریعے فریقین میں باہمی بات چیت اور مصالحت کے ذریعے تنازعات خوش اسلوبی سے حل کیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی خواتین کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے خصوصی کمیشن بھیجے جاتے ہیں اور فوری داد رسی کے لیے مختلف اضلاع میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں متعلقہ محکموں کے افسران کی شرکت بھی یقینی بنائی جاتی ہے۔
صوبائی خاتون محتسب نے خواتین کو انصاف کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنرز کے کردار کو سراہتے ہوئے باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : بنکاک میں عمارت میں لگی خوفناک آگ سے متعدد افراد ہلاک و زخمی،ہسپتال منتقل
اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی نے یقین دلایا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ہراسگی کے خاتمے اور ادارے کی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد سمیت ہزارہ کے تمام اضلاع میں کھلی کچہریوں، آگاہی سیشنز اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے بھرپور انتظامات کیے جائیں گے تاکہ خواتین کو ان کے قانونی حقوق اور انصاف کے حصول کے طریقوں سے مکمل آگاہی مل سکے۔





