پشاور: خیبرپختونخوا میں انٹرمیڈیٹ (ایچ ایس ایس سی) سالانہ دوم امتحانات کے منظم اور شفاف انعقاد کے لیے محکمہ تعلیم نے تمام اضلاع میں تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے تمام ضلعی تعلیمی افسران (مردانہ و زنانہ) کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا ہے، جس میں نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں امتحانی مراکز کی تیاری، اساتذہ کی ڈیوٹیوں اور ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام نامزد امتحانی مراکز اور ہالز میں امتحانات سے قبل مناسب فرنیچر، طلبہ کے لیے نشستوں، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جائے گا۔
تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بھی امتحانی ہالز کی دستیابی اور سازگار ماحول یقینی بنانے کا پابند بنایا گیا ہے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ امتحانی ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ کو بروقت تدریسی ذمہ داریوں سے فارغ کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مقررہ امتحانی مراکز میں فرائض انجام دے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : فوجی حکام اور قبائلی مشران کا شانہ بشانہ عزم، میرعلی وزیرستان میں امن دشمنوں کے لیے زمین تنگ، گرینڈ جرگے کا تاریخی فیصلہ
اساتذہ کو امتحانی مرکز پہنچنے کی تاریخ سے تدریسی ذمہ داریوں سے فارغ تصور کیا جائے گا۔مراسلے میں بورڈز کی جانب سے نامزد رہائشی انسپکٹرز کو بھی امتحانی عمل کے دوران بورڈ حکام اور نگران عملے کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر ایچ ایس ایس سی سالانہ دوم اور پی ایم ایس کے مقابلے کے امتحانات کے مراکز میں بیک وقت امتحانات کے باعث کوئی ٹکراؤ پیدا ہو تو متعلقہ تعلیمی بورڈ کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ متبادل انتظامات کیے جاسکیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ صوبے بھر میں انٹرمیڈیٹ سالانہ دوم امتحانات خوش اسلوبی سے منعقد ہوسکیں۔





