کراچی:وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کراچی میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے بنانا اب وقت کی اہم ضرورت اور ناگزیر ہو چکا ہے، اور ان کے بغیر پاکستان کا نظام نہیں چل سکتا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں تنبیہ کی کہ اگر سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری بلاول بھٹو زرداری پر عائد ہوگی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے حالیہ بیانات پر سخت اظہارِ افسوس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو کی جانب سے سندھ کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو انتہائی تشویشناک ہے، جن کا اشارہ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں خون خرابے کی طرف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین ہونے کے ناطے بلاول کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنی جماعت کی 18 سالہ کارکردگی پر بات کرنی چاہیے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مہاجر برادری طویل عرصے سے نسل کشی اور تشدد کا سامنا کرتی رہی ہے، اور جب محترمہ بینظیر بھٹو کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا تھا تو اس وقت بھی پورا کراچی جلا دیا گیا تھا، جہاں مہاجروں کو نشانہ بنایا گیا اور فیکٹریاں نذرِ آتش کی گئی تھیں۔
صوبوں کی تشکیل کے حساس معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ اس مسئلے کا بہترین حل عوامی ریفرنڈم ہے تاکہ عوام کی رائے کو حتمی بالادستی حاصل ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ جنت بن چکا ہے اور کراچی پر دنیا رشک کرتی ہے، خواجہ آصف کا بلاول بھٹو کے 18 سالہ دورِ اقتدار پر کڑی تنقید
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پاس ریفرنڈم کرانے کا آئینی اختیار موجود ہے، اور انہیں امید ہے کہ تحریک انصاف بھی اس قومی معاملے پر ریاست کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب ریاست کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کو بچانا ہے یا پورے پاکستان کو؟
انہوں نے کہا کہ اگر صوبے بنانے کی خواہش عوام کے دلوں میں نہ ہوتی تو بلاول بھٹو اتنے ناراض نہ ہوتے، اور اگر اس فیصلے میں مزید تاخیر کی گئی تو شیطانی قوتیں اس خلا کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ طارق فضل چوہدری، خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور عطا تارڑ جیسے رہنما بھی ریفرنڈم کے معاملے پر کھل کر بات کر چکے ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ وفاق سے ملنے والے اختیارات اور بھاری فنڈز نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے گئے۔
گزشتہ 17، 18 برسوں میں 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی آج بھی رہنے کے قابل نہیں بنایا جا سکا۔ انہوں نے طنز کیا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ استعمال کرنا ہوتا ہے تو وہ “جیے سندھ” کے ذریعے یہ کھیل کھیلتے ہیں۔
مقامی حکومتوں اور انتظامی تقسیم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے 26ویں آئینی ترمیم کے دوران مقامی حکومتوں کے اختیارات کی درست تشریح کروانے کی بھرپور کوشش کی تھی، لیکن پیپلز پارٹی نے اس جمہوری کوشش کو کچل دیا۔
یہ بھی پڑھیں : تین دہائیوں کی لوٹ مار نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا، ہسپتال تباہ، سڑکیں غائب اور پیپلز پارٹی کے رہنما وڈیروں کی طرح قابض، شہریوں کا سخت ردعمل
انہوں نے یاد دلایا کہ جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی ہے، اس نے سیاسی مفادات کے لیے کراچی کو تقسیم کرکے نئے اضلاع بنائے؛ پہلے ملیر، پھر کیماڑی اور اب کورنگی سمیت شہر کو 7 اضلاع میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
اپنے سیاسی اور سماجی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ فخر سے اردو بولنے والے مہاجر ہیں، اور انہوں نے شہر کے ان علاقوں میں بھی عوام کو پانی فراہم کیا جہاں تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز پیپلز پارٹی کے تعلق رکھتے تھے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ وہ اور ان کے ساتھی وہ واحد لوگ ہیں جنہوں نے شہر میں غیر ملکی خفیہ ایجنسی (را) کے نیٹ ورک کو توڑا، جبکہ ماضی میں شہر کی قتل و غارت گری کی صورتحال بعض مخصوص عناصر کو خوب سوٹ کرتی تھی۔
آخر میں اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کی آبادی کا 38 فیصد ہیں، اور آبادی کم شمار کیے جانے کے باوجود قومی ترقیاتی پروگرام میں ہمارے حصے کے ہزاروں ارب روپے بنتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ہمیں ایک روپیہ بھی نہیں دیا جاتا، جبکہ 73 لاکھ افراد کو گنتی سے نکال کر آبادی کے اعداد و شمار جان بوجھ کر نامکمل چھوڑ دیے گئے ہیں۔





