پشاور:گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران صوبے میں گزشتہ 13 سال سے برسراقتدار جماعت کی تعلیمی کارکردگی اور تعلیمی ایمرجنسی کے دعوؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تعلیمی شعبے سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔
پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ صوبے کے سرکاری سکولوں کو اس وقت 45 ہزار اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے۔
ضم شدہ قبائلی اضلاع کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ قبائلی اضلاع میں 329 سکولز غیر فعال پڑے ہیں، جبکہ وہاں اوسطاً 41 طلبہ کے لیے صرف ایک استاد موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 22 ہزار ارب روپے ہضم کر کے ‘جیے سندھ’ کا نعرہ لگانا سندھ کارڈ کا گھناؤنا کھیل ہے، مصطفیٰ کمال کا بلاول بھٹو پر سخت تنقید
ان کے مطابق ضلع باجوڑ اور ضلع خیبر میں یہ صورتحال مزید گمبھیر ہے جہاں یہ تناسب 60 طلبہ فی استاد سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے گورنر کے مشیر تعلیم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح صرف 7 فیصد ہے، جو دیگر صوبوں اور خطے کے ممالک کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے۔
انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح 16 فیصد اور سندھ میں 14 فیصد ہے، جبکہ مجموعی طور پر جنوبی ایشیا میں یہ اوسط 25 فیصد اور بھارت میں 28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے مزید کہا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران نام نہاد تبدیلی اور تعلیمی ایمرجنسی کے بلند و بانگ دعووں کے برعکس زمینی حقائق اور سرکاری اعداد و شمار تعلیمی نظام کی زبوں حالی کی عکاسی کرتے ہیں۔





