معرکہ حق میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور بھارتی فضائیہ کے طیارے مار گرانے سے متعلق پاکستانی مؤقف ایک بار پھر عالمی سطح پر تصدیق ہوئی ہے ۔
برطانوی ایوی ایشن جریدے فلائٹ انٹرنیشنل کی 2027 کی ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم ہوکر 32 درج کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس نے بھارت کے دفاعی دعوؤں اور فضائی طاقت سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
برطانوی جریدے کے اعدادوشمار کے مطابق 2025 کی ڈائریکٹری میں بھارتی فضائیہ کے پاس 36 رافیل طیارے موجود تھے 2026 میں یہ تعداد 35 درج کی گئی جبکہ تازہ 2027 کی ڈائریکٹری میں صرف 32 طیارے دکھائے گئے ہیں۔ یوں ابتدائی تعداد کے مقابلے میں چار رافیل کم درج ہوئے ہیں۔
یہ پیش رفت اس لیے بھی اہمیت اختیار کرگئی ہے کہ پاکستان نے مئی 2025 کے معرکے کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل سمیت متعدد طیارے مار گرانے کا دعوی کیا تھا جس کا بھارت انکار کر تا رہاہے ۔
پاکستان کا مؤقف رہا ہے کہ پاک فضائیہ نے جدید فضائی حکمت عملی اور مؤثر دفاعی صلاحیت کے ذریعے بھارتی فضائی کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا اور فضائی محاذ پر اپنی برتری کا مظاہرہ کیا۔
معرکہ حق کے بعد بین الاقوامی میڈیا اور دفاعی حلقوں میں بھی بھارتی طیاروں کے نقصانات کا معاملہ زیر بحث رہا۔
امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی اگست 2025 کی رپورٹ میں بھی بھارتی رافیل کے نقصان اور پاک فضائیہ کے جے 10 طیاروں کے کردار سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی تھیں۔
رپورٹ میں بھارتی اور پاکستانی حکام کے انٹرویوز کی بنیاد پر فضائی جھڑپ کے دوران انٹیلی جنس اور میزائل صلاحیت کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان ہائی کمیشن لندن کا بڑا اعلان، نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز غیر معینہ مدت کے لیے معطل!
تاہم فلائٹ انٹرنیشنل نے اپنی نئی ڈائریکٹری میں رافیل طیاروں کی تعداد میں کمی کی وجہ واضح نہیں کی اور نہ ہی چار طیاروں کے جنگی نقصان کی براہِ راست تصدیق کی ہے۔ بھارت نے بھی اب تک رافیل طیاروں کے نقصانات کی مکمل تعداد باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کی۔
اس کے باوجود 36 سے 32 تک پہنچنے والے اعدادوشمار نے ایک اہم سوال ضرور کھڑا کردیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے رافیل بیڑے میں چار طیاروں کی کمی کی اصل وجہ کیا ہے؟ ۔





