واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کر دی، اسٹیکر ری ایکشنز کی سہولت متعارف

معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے چیٹنگ کے انداز کو مکمل طور پر بدلنے کے لیے ایک انتہائی دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب کسی بھی پیغام پر صرف روایتی ایموجیز ہی نہیں بلکہ اپنے پسندیدہ اسٹیکرز کے ذریعے بھی ردعمل (Reaction) دیا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ بیٹا (Beta) صارفین کے لیے “اسٹیکر ری ایکشنز” کی آزمائشی سہولت فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔

واٹس ایپ بیٹا کے ورژن 2.26.46.5 میں سامنے آنے والے اس فیچر کے ذریعے صارفین انفرادی چیٹس اور گروپ گفتگو میں کسی بھی پیغام پر اپنے کلیکشن میں موجود ساکن (Static) اور متحرک (Animated) دونوں اقسام کے اسٹیکرز لگا سکیں گے۔

نیا فیچر کیسے کام کرے گا؟

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کو متعلقہ پیغام پر ٹیپ کر کے رکھنا ہوگا، جس کے بعد سامنے آنے والے مینو میں ایموجی ری ایکشنز کے ساتھ ایک نیا بٹن دکھائی دے گا۔

یہ بھی پڑھیں : شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند

اس بٹن پر کلک کرتے ہی اسٹیکر کی بورڈ کھل جائے گا، جہاں سے منتخب کیا گیا اسٹیکر فوری طور پر پیغام کے نیچے بطور ری ایکشن ظاہر ہو جائے گا۔

ایک پیغام پر 20 اسٹیکرز لگانے کی بڑی سہولت

روایتی ایموجی ری ایکشن کے برعکس—جہاں ایک وقت میں صرف ایک ہی ایموجی لگایا جا سکتا ہے—اس نئے فیچر میں صارفین کو ایک ہی پیغام پر زیادہ سے زیادہ 20 اسٹیکرز استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

صارف ایک ہی اسٹیکر کو بار بار یا مختلف اسٹیکرز ایک ساتھ لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کر سکیں گے، جبکہ ری ایکشن کی تفصیلات میں یہ بھی دیکھا جا سکے گا کہ کس صارف نے کون سا اسٹیکر لگایا ہے۔

فی الحال یہ اپ ڈیٹ مرحلہ وار صرف مخصوص اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کو دی جا رہی ہے، جبکہ عام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ لانچ کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top