سونے کی قیمت میں بڑی گراوٹ، 13 ماہ بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ روپے سے بھی نیچے آ گیا

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی کا سلسلہ جاری ہے اور 13 ماہ کے طویل وقفے کے بعد خالص سونا ایک بار پھر 4 لاکھ روپے فی تولہ کی نفسیاتی حد سے نیچے آ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ستمبر 2025 کے بعد پہلی مرتبہ سونا 4 لاکھ روپے سے کم سطح پر آ گیا ہے۔

رواں سال جنوری کے آخر میں 5 لاکھ 73 ہزار روپے فی تولہ کی بلند ترین سطح کو چھونے والا 24 کیرٹ سونا گزشتہ ساڑھے نو ماہ کے دوران مجموعی طور پر تقریباً پونے 2 لاکھ روپے سستا ہو چکا ہے۔

سونے کی قیمتیں گرنے کی بڑی وجہ کیا ہے؟

معاشی ماہرین کے مطابق امریکا میں شرح سود بڑھنے کی خبروں کے باعث عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ نے صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کر دی، اسٹیکر ری ایکشنز کی سہولت متعارف

سرمایہ کار سونے سے اپنا سرمایہ نکال کر امریکی بانڈز میں منتقل کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتیں گرنے کے براہِ راست اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 100 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 764 ڈالر کی سطح پر آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ جنوری کے آخر میں عالمی منڈی میں 5 ہزار 505 ڈالر فی اونس کا ریکارڈ بنانے والا سونا اب تک مجموعی طور پر 1 ہزار 741 ڈالر سستا ہو کر 3 ہزار 800 ڈالر سے بھی نیچے آ چکا ہے۔

Scroll to Top