راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: سری لنکا کی 82 رنز کی برتری، پاکستان فتح کے قریب

راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک سری لنکا نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز جوڑ کر پاکستان پر 82 رنز کی برتری حاصل کی ہے۔

جمعرات کو سری لنکا نے اپنی نامکمل اننگز 74 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی تو دھننجایا ڈی سلوا 37 اور پاسندو سوریا باندرا 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کوشل مینڈس نے 53، سونال دینوشا نے 54 اور ملان رتھنائیکا نے ناقابلِ شکست 60 رنز کی اننگز کھیل کر مہمان ٹیم کو سنبھالا دیا، جبکہ دن کے اختتام پر اسیتھا فرنینڈو 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

 پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس اور رضا اللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ثاقب خان اور سلمان آغا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم محض 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، جس میں محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ لی تھی۔

جواب میں پاکستان نے غازی غوری کے 54 اور اذان اویس کے 47 رنز کی مدد سے 325 رنز بنا کر 227 رنز کی نمایاں برتری لی تھی، جہاں لاہیرو کمارا نے 5 اور اسیتھا فرنینڈو نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں نیا موڑ: ورثا نے نامزد ملزم کو معاف کر دیا

اب سری لنکا کی برتری 82 رنز تک پہنچ چکی ہے اور اس کی محض ایک وکٹ باقی ہےجس کے بعد پاکستان کو دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب کا موقع ملے گا اور میزبان ٹیم فتح کے لیے مضبوط پوزیشن میں ہے۔

Scroll to Top