گھریلو ٹوٹکے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں: نوزائیدہ بچوں کے یرقان پر ماہرین کا بڑا انتباہ جاری!

نوزائیدہ بچوں میں پیدائش کے ابتدائی دنوں میں جلد اور آنکھوں کی رنگت کا پیلا پڑنا یعنی ’یرقان‘ ایک نہایت عام طبی کیفیت ہے جو دنیا بھر میں تقریباً 60 فیصد نوزائیدہ بچوں کو متاثر کرتی ہے۔ 

طبی ماہرین کے مطابق اگرچہ زیادہ تر بچوں میں یہ کیفیت جگر کی مکمل نشوونما نہ ہونے کے باعث پیدا ہوتی ہے اور ایک سے دو ہفتوں میں ازخود ختم ہو جاتی ہے تاہم اس حوالے سے والدین کی آگاہی، گھریلو ٹوٹکوں سے اجتناب اور خطرے کی علامات کی بروقت پہچان بچے کو کسی بھی سنگین پیچیدگی سے بچانے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق نوزائیدہ بچوں میں یرقان کی بنیادی وجہ خون میں ’بلیروبن‘ نامی مادے کی سطح میں اضافہ ہے جس کے نتیجے میں بچے کی جلد اور آنکھوں کی سفیدی پیلی دکھائی دینے لگتی ہے۔

حیدرآباد کے یشودا ہاسپٹلز کے کنسلٹنٹ نیونیٹولوجسٹ ڈاکٹر ستیہ پریا ساہو کا کہنا ہے کہ پیدائش کے فوری بعد نوزائیدہ بچے کا جگر مکمل طور پر نشوونما یافتہ نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے وہ جسم سے بلیروبن کو تیزی سے خارج کرنے کے قابل نہیں ہوتا۔

ماہرین صحت کے مطابق عام طور پر یہ کیفیت پیدائش کے دوسرے یا تیسرے دن ظاہر ہوتی ہے اور ایک سے دو ہفتوں میں خود بخود ٹھیک ہو جاتی ہے تاہم قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں اس کیفیت کو مکمل طور پر ختم ہونے میں تین سے چار ہفتے لگ سکتے ہیں۔

یرقان پیدا ہونے کی دیگر وجوہات میں بچے کو مناسب مقدار میں دودھ نہ ملنا، ماں کے دودھ سے جڑا طویل دورانیے کا یرقان، قبل از وقت پیدائش، ماں اور بچے کے بلڈ گروپ میں عدم مطابقت اور پیدائش کے دوران جسم پر آنے والے چوٹ کے نشانات اور خون یا دیگر انفیکشنز شامل ہیں۔

علامات کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یرقان کی پیلاہٹ عموماً بچے کے چہرے سے شروع ہو کر بتدریج سینے اور پیٹ تک پھیلتی ہے۔

والدین دن کی قدرتی روشنی میں بچے کی پیشانی یا ناک کی نوک پر ہلکا سا دباؤ ڈال کر جلد کی رنگت کا جائزہ لے سکتے ہیں تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ محض آنکھوں سے جلد کا رنگ دیکھ کر بلیروبن کی درست سطح کا اندازہ لگانا ممکن نہیں اس کے لیے جلد کے خصوصی اسکینر یا خون کے باقاعدہ ٹیسٹ سے جانچ ضروری ہوتی ہے۔

ڈاکٹر ستیہ پریا ساہو کے مطابق ہر بچے کو ادویات یا اسپتال میں داخلے کی ضرورت نہیں پڑتی لیکن اگر بلیروبن کی سطح ایک مقررہ حد سے تجاوز کر جائے تو ’فوٹو تھراپی‘ کے ذریعے بچے کو مخصوص نیلی روشنی میں رکھا جاتا ہے جو بلیروبن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ بچے کو بار بار دودھ پلانے اور بنیادی وجہ مثلاً انفیکشن یا بلڈ گروپ کی عدم مطابقت کے علاج کی ضرورت پیش آ سکتی ہے جبکہ انتہائی سنگین اور نایاب کیسز میں خون کی تبدیلی یعنی ’ایکسچینج ٹرانسفیوژن‘ بھی کیا جاتا ہے۔

ماہرین نے والدین کے لیے خطرے کی مخصوص علامات بھی واضح کی ہیں جن کے ظاہر ہونے پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا لازمی ہے۔

ان علامات میں پیدائش کے پہلے 24 گھنٹوں کے اندر جلد کا پیلا پڑنا، پیلاہٹ کا ہاتھوں اور پاؤں تک پھیل جانا، بچے کا غیر معمولی طور پر سست ہونا یا نیند سے جگانے میں دشواری پیش آنا، دودھ نہ پینا اور معمول سے کم پیشاب کرنا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مسلسل تیز آواز میں رونا، جسم کا اکڑ جانا یا بالکل ڈھیلا پڑ جانا، کمر کو کمان کی طرح پیچھے کی طرف موڑنا، بخار ہونا، سفید یا انتہائی ہلکے رنگ کا پاخانہ آنا اور گہرے رنگ کا پیشاب بھی خطرے کی علامات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ریسلنگ کی دنیا میں تہلکہ: ہالی ووڈ سپر اسٹار دی راک نے ڈبلیو ڈبلیو ای رنگ میں واپسی کا اعلان کر دیا!

طبی ماہرین نے اس بات پر خصوصی زور دیا ہے کہ اگر یرقان دو ہفتوں سے زیادہ عرصے تک برقرار رہے تو فوری طبی معائنہ کروایا جائے۔

ماہرین کے مطابق بچے کو دھوپ میں لٹانا، سادہ پانی پلانا یا مختلف گھریلو اور جڑی بوٹیوں کے ٹوٹکے آزمانا کسی طور بھی طبی علاج کا متبادل نہیں ہیں، اس لیے والدین سنی سنائی باتوں کے بجائے بچے کو باقاعدگی سے دودھ پلائیں اور مستند معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Scroll to Top