دہائیوں سے سسٹم کا حصہ رہنے والے آج معصوم نہ بنیں، عوام اچھی گورننس چاہتے ہیں نہ کہ فساد کی سیاست، عطا تارڑ کا چیئرمین پی پی پی پر سخت ردعمل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا کھلا تضاد ہے۔

منگل کے روز بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے اور عوام ایک اچھی، بہترین اور جوابدہ حکومت چاہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ اچھی گورننس اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہی حقیقی مسئلہ ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، اس لیے آج ہم خود کو اس سسٹم کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔

احتساب اور نیب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات کو عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں اور اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

 انہوں نے پیپلز پارٹی کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ نیب میں اصلاحات بھی خود کی گئیں اور اب اسی ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ میں ماہانہ 4.2 ارب روپے کی غیر قانونی مائننگ کا مکروہ دھندہ بے نقاب، ٹی ٹی پی سے گٹھ جوڑ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان

نئے صوبوں اور ریفرنڈم کے معاملے پر بات کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں، تاہم صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

 وزیر اطلاعات نے استفسار کیا کہ آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟ کیونکہ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

عطا اللہ تارڑ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے، جو آئین کا حصہ اور ایک آئینی طریقہ کار ہے، اس لیے ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

آخر میں صحافی برادری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور میڈیا و صحافیوں کے حقوق کے لیے بہت کام کیا گیا ہے۔

Scroll to Top